کرائسٹ چرچ۔13اکتوبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل میچ کل (جمعہ کو) ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوگا۔اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے اپنے چار ،چار لیگ سٹیج میچز میں سے تین، تین میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر 6،6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم اپنے چار میچزمیں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی جس کی وجہ سے وہ پہلے ہی بغیر کسی پوائنٹ کے سہ ملکی سیریز سے باہر ہوچکی تھی ۔ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز میں پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش اور میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل تھی جس میں سے میزبان نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ کی ہیں ۔
دونوں ٹیموں کےدرمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل میچ کل (جمعہ کو) کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں لیگ سٹیج میں ایک دوسرے کو ہرا چکی ہیں ، فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کےدرمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں۔
شائقین کرکٹ کو فائنل میں اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ پاکستان کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز بابر اعظم لیڈ کر رہے ہیں جبکہ کیوی ٹیم کی قیادت کین ولیم سن کر رہے ہیں۔