نیوزی لینڈ میں کورونا کے سخت ایس او پیز نے قومی کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا ‘ ہیڈ کوچ مصباح الحق

73

کرائسٹ چرچ۔7دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے کورونا کے حوالے سے سخت ایس او پیز نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا ہے‘ نیوزی لینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں مضبوط ٹیم ہے‘ امید ہے قومی کھلاڑی کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرکے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ہم مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کورونا کے دوران کرکٹ سرگرمیوں کو بحال رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر نامور ایتھلیٹ کو اپنے ملک کی نمائندگی سے قبل ایک مخصوص ماحول درکار ہوتا ہے جہاں وہ اپنی تیاری مکمل کر سکے۔ آئسولیشن میں رہ کر پاکستانی کھلاڑیوں کی سیریز کے حوالے سے تیاریاں متاثر ہوئی ہیں ہماری ٹیم نے صبر و برداشت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لئے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم ایسے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ نیوزی لینڈ میں بعض قواعد و ضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ آئسولیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد یہاں سے روانہ ہوں گے تو یہ سب کچھ پیچھے رہ جائے گا‘ صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ہم نے انہی لڑکوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے ہمارے سکواڈ کا حصہ ہیں۔ نیوزی لینڈ میں کرکٹ کی بہترین سہولیات ہیں اور شائقین بھی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ امید ہے کھلاڑی ان کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔