نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 21 رنز سے ہرا دیا

67

ویلنگٹن۔ 03نومبر(اے پی پی) نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 21 رنز سے ہرا کر پانچ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، انگلش ٹیم 177 رنز کے تعاقب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مچل سینٹنر کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اتوار کو ویسٹپیک سٹیڈیم، ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، جمی نیشم نے 42 اور مارٹن گپٹل نے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کرس جورڈن نے تین اور سام کرن نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 155 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، ڈیوڈ میلان 39 ، کرس جورڈن 36 اور ایون مورگن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مچل سینٹنر نے تین جبکہ لوکی فرگوسن، ایش سودی اور ٹم ساﺅدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔