نیوزی لینڈ نے پاکستان کودوسرے ون ڈے میں 79رنز سے شکست دیدی، سیریز 1-1 سے برابر

134

کراچی۔11جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کودوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 79رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، 262 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنر ڈیون کونوے نے شاندار سنچری سکور کی، کپتان کین ولیمسن نے 85 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی 79 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کونوے کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 261 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کو ابتدا میں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر فن ایلن پہلے اوور میں ایک رن پر نسیم شاہ کا شکار بنے۔اس کے بعد ڈیون کونوے نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ ایک جارحانہ اور بڑی پارٹنرشپ قائم کی ،دونوں نے پاکستان کے فاسٹ اور سپین بائولرز کی گیندوں پر وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے۔کونوے نے تیزرفتاری سے رنز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، ایک موقع پر انہوں نے نسیم شاہ کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے۔ کونوے نے اپنی نصف سنچری 56 گیندوں پر مکمل کی اور اپنی خوبصورت سنچری اسامہ میر کے ایک اوور میں تین چوکے اور دورنز بناکرمکمل کی۔

کونوے 92 گیندوں پر 101 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے جس میں 13 شاندار چوکوں کے علاوہ وسیم جونیئر کی گیند پر ایک فلک شگاف چھکا بھی شامل تھا۔ انہوں نے کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 175 گیندوں پر 181 رنز کا اضافہ کیا۔یہاں پر نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک بہت بڑا سکور کرنے کی پوزشن پر تھی لیکن اس کے بعد پاکستان کے لیفٹ آرم سپنر محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر کین ویلیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم اور گلین فلپس کو پویلین کی راہ دیکھائی۔ ولیمسن 100 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے۔ مچل سینٹنر نے مشکل صورتحال کو سنبھالا اور ناقابل شکست 37 رنز بناکر سکور کو 261 تک پہنچانے میں اپنا کردارادا کیا۔

اس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں فتح کے لئے 262 رنز کا ہدف دیا، بلیک کیپ 49.5 اوورز میں 261 رنز بناکر آئوٹ ہوئی۔ محمد نواز نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 38 رنز عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 8.4 اوورز میں57 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر نے 42 اور حارث رئوف نے 47 رنز دیکر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اوپنر فخززمان صفر پر ٹم سائوتھی کا شکاربنے جبکہ امام الحق کو لوکی فرگوسن نے پویلین کی راہ دیکھائی۔آغاسلمان 25 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

پاکستان کے بیٹرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بڑااسکورکرنے میں ناکام رہا۔بابراعظم نے اکیلے ہی جدوجہد کرتے ہوئے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ اش سوڈھی کی گیند پر ٹام لیتھم کے ہاتھوں آئوٹ ہونے والے پاکستان کے آخری بیٹر تھے۔ بابر نے 114 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔محمد رضوان 28 رنز بنانے کے بعد مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بائولر ٹم سائوتھی نے 33 اور لیگ اسپینر اش سوڈھی نے 38 رنز دیکر دودو وکٹیں حاصل کیں۔

گلین فلپس، لوکی فرگوسن، مائیکل بریسویل اور مچل سیٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کیء درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ ڈوین کونوے کو دیا گیا۔