نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی

116
New Zealand

ویلنگٹن۔24اگست (اے پی پی):نیوزی لینڈ کرکٹ )این زیڈ سی)کے مطابق نیوزی لینڈ کی مردوں کی قومی ٹیم دس سال بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔

کیوی ٹیم اپنے دورہ بنگلہ دیش کے دوران میزبان بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو حصوں میں کھیلے گی ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے دورہ بنگلہ دیش کا آغاز 21 ستمبر سے پہلے ون ڈے میچ سے کرے گی ۔ تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز سے دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ 2023کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔ دورے کا دوسرا مرحلہ جس میں دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔ ورلڈ کپ کے بعد نومبر دسمبر میں ہوگا۔ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہو گی۔

ون ڈے سیریز کے تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے جائیں گے جبکہ ورلڈ کپ کے بعد شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز نومبر کے آخر میں ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز کے وینیوز کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔ کیوی ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے 21 ستمبر، دوسرا 23 اور تیسرا اور آخری 26 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 28 نومبر سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 6 دسمبر سے شروع ہوگا۔