راولپنڈی۔26اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کے لئے پر عزم ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں ہمارا ریکارڈ بہت زبردست ہے، سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ، ٹی 20 سیریز میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، ون ڈے سیریز میں غلطیاں دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نیوزی لینڈ کو سیریز میں 0-5 سے ہرا دیتے ہیں تو ہم رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ سے قبل تیاری میں بھرپور مدد دے گی ، سیریز میں اچھا پرفارم کر کے اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور پروفیشنل کرکٹر انہیں کسی بھی اوپنر کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے دشواری محسوس نہیں ہوتی تاہم فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کرتے ہوئے آرام دہ اور پر اعتماد ہوتا ہوں ۔ امام الحق نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں بہت فرق ہے ، پچھلے ڈیڑھ سال میں ہمارا ون ڈے ریکارڈ بہت اچھا ہے ، ہم نے 12 میں سے 9 ون ڈے میچ جیتے ہیں ۔