اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران خطے کی سکیورٹی صورت حال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔
نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق امیرالبحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کورونا وباء کی نئی لہر کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدر آمد پر زور دیا ۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلے ہمہ وقت تیار ہے۔