نیوٹیک اور یو این ایچ سی آرکے زیر اہتما م فیشن ڈیزائننگ اور بیوٹیشن کا کورس مکمل کرنے والی طالبات میں ٹول کٹ تقسیم کی تقریب

278

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) کے زیر اہتما م وومین ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر اسلام آباد میں ٹول کٹ تقسیم کی تقریب منعقد کرائی گئی جس میں حال ہی میں فیشن ڈیزائننگ اور بیوٹیشن کا کورس مکمل کرنے والی طالبات میں ٹول کٹ تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی سید جاوید حسن چیئر مین نیوٹیک، نعیم صدیقی ڈائریکٹرجنرل نیوٹیک، یو این ایچ سی آر کے پاکستان میں ڈپٹی نمائندہ آئن ہال اور رانا یوسف ڈپٹی سیکرٹری منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈپروفیشنل ٹریننگ کے علاوہ بڑی تعداد میں دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن نے یو این ایچ سی آر کے پروگرام برائے افغان مہاجرین کی تعریف کی ۔ انہوں نے ادارہ میں دی جانے والی فنی تربیت کو بھی سراہا اور اس خیال کا اظہار بھی کیا کہ پناہ گزینوں کا عالمی ادارہ اس طرح کی مزید تربیت فراہم کرنے میں مدد کرتا رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستان میں عورتوں کو با اختیار بنانے کے لیے اس طرح کی مزید ٹریننگ دیئے جانے کا بھی اعادہ کیا تا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت معاشرے میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکیں۔ آئن ہال نے پروگرام میں مدد فراہم کرنے پر نیوٹیک کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ادارے میں دی جانے والی فنی تربیت کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ پناہ گزین واپس اپنے ملک میں جا کر اپنے اور اپنے ملک کے لئے باعزت روزگار کما سکیں گے۔ یو این ایچ سی آر کے تحت اس پروگرام میں پورے پاکستان کے 18 اضلاع میں 24 مختلف شعبہ جات میں 1800 افغانی اور پاکستانی طلبہ و طالبات کو 6 ماہ کی مفت ٹریننگ دی گئی۔ اس پروگرام میں 80% پریکٹیکل اور 20% تھیوری کے تحت ٹریننگ دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والی طالبات میں ٹول کٹ تقسیم کی گئیں۔