نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مکمل فعال ہونا ایک سنگ میل ہے،پی اے اے کے ڈائریکٹرجنرل کا تقریب سے خطاب

158
گوادر ایئرپورٹ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا ، عبدالعلیم خان

گوادر۔20جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹرجنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی( پی اے اے) ایئروائس مارشل ذیشان سعید نے کہا ہے کہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مکمل فعال ہونا ایک سنگ میل ہے جس پر چین کے شکرگزار ہیں،ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے گوادر ایک معاشی مرکز کے طور پر ابھرا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنلائزیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہوائی اڈہ جدید ترین عالمی سہولیات سے آراستہ ہے جو سی پیک کا تزویراتی حصہ ہے اور گوادر کومشرق وسطیٰ، وسط ایشیا، چین اوردیگرممالک سے ملائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہوائی اڈہ جغرافیائی اعتبار سے تاریخی ایئرروٹ خلیج عمان کے قریب اور لندن کراچی کوریڈور جیسے روٹ پر واقع ہے جہاں سے 260 پروازیں گزرتی ہیں جس سے ایئرلائنزکو کارگو، ری فیولنگ، آپریشن اور تکنیکی سٹاپ فراہم کرنا ایک سنگ میل ہے ۔ انہوں نے ایئرپورٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تفصیلی احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ (این جی آئی اے پی)، جو کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، اب آپریشنل ہو گیا ہے۔

یہ سنگِ میل پاکستان کی ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین ایئرپورٹ پر انفراسٹرکچر، جس کی سالانہ گنجائش 4 لاکھ مسافروں کی ہے،3.6 کلومیٹر طویل رن وے، جو بڑے طیاروں جیسے بوئنگ 747 اور ایئربس A380 کو سہولت فراہم کرنے کے قابل ہے،جدید ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم اور نیوی گیشنل ایڈز،جدید سکیورٹی خصوصیات اور مسافروں کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

ذیشان سعید نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ضلع گوادر، بلوچستان کے علاقے گرانڈانی میں اسٹریٹجک محل وقوع رکھتا ہے اور تقریباً 4,300 ایکڑ کے رقبے پر محیط ہے،یہ منصوبہ تقریباً 246 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا ہےجس کی فنڈنگ حکومتِ پاکستان، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، سلطنتِ عمان کی گرانٹ اور حکومتِ چین کی گرانٹ سے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد نومبر2019میں رکھا گیا تھا جبکہ اس کی تکمیل دسمبر2024میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اب مکمل طور پر آپریشنل ہے، جہاں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری بنیادی ڈھانچہ، سسٹم اور عملہ موجود ہے ۔یہ منصوبہ پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی کا ثبوت اور سی پیک کا ایک اہم جزو ہے، جو اقتصادی ترقی، علاقائی رابطوں اور عوامی روابط کو فروغ دینے کےلئےبنایا گیا ہے۔