نیویارک۔17جولائی (اے پی پی):امریکی شہر نیویارک میں ٹیکس ورلڈ 2024 بین الاقوامی نمائش شروع ہو گئی ۔نمائش میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 600 سے زائد نمائش کنندگان اپنی ٹیکسٹائل مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔جاویٹ سنٹر میں منعقد ہونے والی اس نمائش کے افتتاح کے روز منگل کو خریداروں کی ایک بڑی تعداد نے دورہ کیا۔ یہ نمائش تین دن تک جاری رہے گی۔اس نمائش کو ریاستہائے متحدہ کے مشرقی ساحل کے معروف سورسنگ ایونٹ کے طور پر بیان کیا جاتا ہے، جہاں پر روایتی اور ہائبرڈ دونوں شکلوں میں سینکڑوں عالمی ٹیکسٹائل مینوفیکچررز اور سپلائرز کے ہزاروں فیبرکس اور ملبوسات کو پیش کیا جا رہا ہے۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کے زیر اہتمام، سات پاکستانی کمپنیاں نمائش کنندگان میں شامل ہیں۔نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے عدنان اعوان، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر، نیویارک کے ہمراہ پاکستانی کمپنیوں کے بوتھ کا دورہ کیا۔ ان کمپنیوں نے معیاری خریداروں کے ساتھ ملاقاتوں کی اطلاع دی اور کہا کہ یہ تعاملات نتیجہ خیز ہیں۔بہت سے خریداروں نےٹی ڈی اے پی کے بوتھ کا دورہ بھی کیا اور پاکستان سے مواقع حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ٹیکسپو، ایک اور ٹیکسٹائل نمائش میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا جو اس سال اکتوبر میں کراچی میں منعقد ہوگی۔