نیپرا نے کے-الیکٹرک کی جانب سے دسمبر 2024 کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق عوامی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا

76
نیپرا نے کے-الیکٹرک کی جانب سے دسمبر 2024 کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق عوامی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ روز کے-الیکٹرک کی جانب سے دسمبر 2024 کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق عوامی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔کےالیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔

ترجمان نیپرا کے مطابق کے-الیکٹرک نے عوامی سماعت کے دوران اپنے پاور پلانٹس کے جنریشن ٹیرف کے حوالے سے جون 2023 کے بعد کی مدت میں پارٹ لوڈ، ڈگریڈیشن کروز اور سٹارٹ اپ کاسٹ کے حوالے سے ایڈجسٹمنٹ کو اجاگر کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان اخراجات کی وصولی منفی فیول کاسٹ ویریئشن سے کی جائے تاکہ صارفین پر مستقبل میں اضافی مالی بوجھ نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کا انحصار بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھائو اور جنریشن مکس میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے،یہ اخراجات نیپرا کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد صارفین کے بلوں میں شامل کئے جاتے ہیں،جب ایندھن کی عالمی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو صارفین اپنے بلوں میں اس کے اثرات کی صورت میں ریلیف حاصل کرتے ہیں۔

صارفین کے بلوں پر لاگو کئے جانے والے نرخوں کا تعین نیپرا کرتا ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفائی کیا جاتا ہے۔ نیپرا کے فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، گھریلو 300یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین، پری پیڈ صارف، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا۔