واجبات کی بروقت اور مؤثر وصولی کے لیےکوششیں تیز کی جائیں، کنزہ مرتضیٰ

21
واجبات کی بروقت اور مؤثر وصولی کے لیےکوششیں تیز کی جائیں، کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی۔ 02 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے واجبات کی وصولی کو اتھارٹی کی اولین آپریشنل ترجیح قرار دیتے ہوئے مالی استحکام کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نےاجلاس کے دوران ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ شعبہ جات، بالخصوص پلاننگ ونگ، بلڈنگ کنٹرول، اسٹیٹ مینجمنٹ اور لینڈ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ واجبات کی بروقت اور مؤثر وصولی کے لیے اپنی کوششیں تیز کی جائیں۔ ڈی جی آرڈی اے نے اس کو اتھارٹی کے جاری آپریشنز کا ایک کلیدی فوکس ایریا قرار دیتے ہوئے ڈیپارٹمنٹس کے درمیان مربوط تعاون پر خاص زور دیا اور عملے کو ریکوری کے طریقہ کار کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی۔

انہوں نے تمام متعلقہ امور میں شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو اولین ترجیح قرار دیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ آر ڈی اے کی مالی استحکام براہِ راست راولپنڈی کے شہریوں کو بہتر اور موثر خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت سے منسلک ہے، اس لیے بقایا جات کی وصولی میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

آر ڈی اے اپنے فرائض کو مکمل احسن طریقے سے ادا کرنے اور وسائل کے مؤثر انتظام کے ذریعے پائیدار شہری ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا آر ڈی اے عوام الناس کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے اور ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں ثابت قدم ہے جو راولپنڈی کو بہتر اور منظم کرنے میں معاون ہیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی براہ راست ہدایات پر عمل پیرا ہیں، جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی پیش رفتوں پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو لازمی قرار دیا ہے۔