چترال۔ 23 دسمبر (اے پی پی):چترال کی وادی کیلاش کا مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) اختتام پذیر ہوگیا۔ خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان محمد سعد کے مطابق تہوار میں کیلاش کی تینوں وادیوں کے مرد و خواتین نے فیسٹیول میں شرکت کی۔ چائوموس فیسٹیول میں کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بھی شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق ٹورازم پولیس کے اہلکاروں نے فیسٹیول میں ڈیوٹی سرانجام دی۔
ٹورازم پولیس کے جوانوں نے فیسٹیول کے دوران سیاحوں کو ہرقسم کی سہولیات فراہم کیں. فیسٹیول میں مختلف رسومات کی ادائیگی بھی کی گئی۔ ٹورازم پولیس لواری ٹنل اور کیلاش کو جانے والے راستوں پر بھی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے۔ چائوموس تہوار موسم سرما کیلئے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ فیسٹیول میں بچے بچیوں نے پائن درختوں کی شاخوں کو آگ لگا کے بلند دھواں کرنے کا مقابلہ کیا۔
چاؤموس فیسٹیول میں شیشاؤ،ساوی لیک ہار، چوئی ناری، منڈاہیک، بون فائر اور شارا بیرایک سمیت مختلف رسومات ادا کی گئیں۔ آپس میں پیار و محبت بانٹنے، امن کا پیغام دینے اور اتحاد کیلئے پھل، سبزیاں اور خشک میوجات تقسیم کئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=422835