واسا فیصل آباد کا مون سون کنٹرول روم24گھنٹے فعال، شہریوں سے شکایات1334 پردرج کرانے کی اپیل

115
Wasa Faisalabad
Wasa Faisalabad

فیصل آباد۔ 30 اگست (اے پی پی):واسا فیصل آباد کا مون سون کنٹرول روم مسلسل24گھنٹے فعال ہے ،شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات کے اندراج کےلئے 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں کیونکہ شہریوں کوبارشوں اور سیوریج مسائل میں ریلیف فراہم کرناواسا کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد عامر عزیز نے کہا کہ مسلسل بارشوں کے بعد واسا فیلڈ سٹاف مستعد اور متحرک رہ کر تیز رفتاری کے ساتھ نکاسی آب کو مکمل کررہاہے۔ ایم ڈی واسا نے کہاکہ پہلے مرحلے میں مین روڈز اور چوراہوں سمیت پونڈنگ پوائنٹس کو کلیئر کیا جاتا ہے جس کے بعد ملحقہ آبادیوں سے نکاسی آب مکمل کی جارہی ہے۔

گزشتہ روزبارش شروع ہونے کے ساتھ ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسانے علامہ اقبال کالونی، سمندری روڈ و دیگر مقامات کا دورہ کیا اور بارشی پانی کے نکاس کےلئے کئے جانےوالے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پونڈنگ پوائنٹس پر افسران اور فیلڈ سٹاف کی دستیابی کو چیک کیا اورڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر مشینری کی ورکنگ حالت کا معائنہ کیا۔

ایم ڈی واسا کی ہدایت پر فیلڈ افسران اور سٹاف مختلف مرکزی چوراہوں اور روڈز پر مصروف عمل رہا اور مختصر وقت میں پونڈنگ پوائنٹس جن میں جھنگ روڈ، سعد بیلا پیپلزکالونی، بٹالہ کالونی، نشاط آباد پل اور عبداللہ پور پل کے نیچے، ڈجکوٹ روڈ، سمندری روڈ، سرگودھا روڈ لاثانی پلی، کینال روڈ، سمیت دیگر مین روڈز کو بارشی پانی سے کلیئر کردیا۔