لاہور۔8اپریل (اے پی پی):واسا لاہور نے عید الفطر پر ٹیوب ویل چلانے کے اوقات کار اور عید الفطر ایس او پیز جاری کر دیئے۔ترجمان کے مطابق ایم ڈی واسا غفران احمد کی خصوصی ہدایات پر عید الفطر کے دن تین دورانیوں میں صارفین تک پانی پہنچایا جائے گا،
عید الفطر کے دن پہلا دورانیہ صبح4:30 سے صبح 10 بجے تک ہوگا،دوسرا دورانیہ دوپہر 12 بجے سے2 بجے تک رہے گا،اسی طرح تیسرا اور آخری دورانیہ شام 5 بجے سے لے کر رات8:30 بجے تک جاری رہے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ عید الفطر کے دوسرے روز سے ٹیوب ویل چلانے کے اوقات کار میں پہلا دورانیہ صبح5 بجے سے صبح9 بجے تک ہوگا،دوسرا دورانیہ دوپہر12 بجے سے2 بجے تک جاری رہے گا جبکہ تیسرا دورانیہ شام5 بجے سے رات9 بجے تک جاری رہے گا۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں ٹیوب ویل ٹائمنگ کے دوران صارفین کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا نے عید الفطر کے ایس او پیز پر سخت سے عملدرآمد کی ہدایات کی ہیں،تمام ٹائونز کے ڈائریکٹرز آپریشن اور ڈائریکٹر مینٹیننس کو عید الفطر کے دوران پانی کی فراہمی، سیوریج اور نکاسی آب کے سسٹم موثر انداز میں چلانے کی ہدایات کی ہیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام ڈائریکٹرز واسا کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام علاقوں کا مکمل سروے کریں،کھلا یا ٹوٹا ہوا مین ہول،پانی کے اوور فلو جیسی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔تمام فیلڈ دفاتر فعال اور عملہ مکمل متحرک رہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کے اردگرد حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے اورسیوریج کے مسلسل بہائو کو یقینی بنانے کے لیے عملے کو متحرک رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر مینٹی نینس ڈسپوزل و ٹیوب ویلز مشینری کی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کروائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام آپریشنل سٹاف عید کے دنوں میں تین شفٹوں میں24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا،عید الفطر پر عوام الناس کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے تمام آپریشنل سٹاف کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔