ملتان۔ 17 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان خالد رضا خان نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کی پرواہ کئے بغیر نکاسی آب کی سہولیات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔خالد رضا خان کا کہنا تھا کہ دفتری امور میں عرصہ دراز سے بے جا مداخلت کے مرتکب افراد اور کالی بھیڑوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملتان کے باسیوں کی خدمت اور بنیادی سروسز فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مون سون سیزن کے دوران ملتان شہر میں ریکارڈ بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی کی گئی اور شہر کو خوبصورت رکھا گیا۔
واسا ملتان خود انحصاری کی پالیسی پر گامزن ہے ،ملازمین کو تنخواہوں، پنشن سمیت دیگر تمام ضروری اخراجات کے ساتھ ساتھ میپکو کو تمام کرنٹ بلنگ کی ادائیگی کو ہر مہینے بروقت یقینی بنایا جا رہا ہے جس کی سابقہ ادوار میں مثال نہیں ملتی۔ ایم ڈی نے کہا کہ واسا ملتان کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور ماہانہ ریکوری کو مزید بہتر بنا کر سروس ڈیلیوری کے حوالے سے عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573650