وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا پیغام

80
وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا پیغام

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کورونا کی موجودہ صورتحال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی۔

جمعہ کو کورونا کی موجودہ صورتحال پر اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے خطے میں کورونا کی وجہ سے پریشانی بڑھ رہی ہے، پاکستان میں تقریباً 5 ہزار کورونا کیسز ہو چکے ہیں اور اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کیسز مزیدبڑھے تو بات ہسپتالوں کے بس سے نکل جائے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ حضور ﷺ نے مسلمانوں کو نظم و ضبط کی تعلیم دی، ہم سب پر لازم ہے کہ حضور ﷺ کی امت ہونے کے واسطے نبی ﷺ کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان قوم اس آزمائش میں کامیاب ہونے کیلئے احتیاط اختیار کرے، رمضان ، تراویح، یومِ علی، عید کے مواقع پر ماسک پہننے سمیت تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجود صورتحال میں علماء کی ہدایت کے مطابق بزرگ افراد تراویح میں نہ جائیں، ضرورت پڑنے پربازار جائیں تو ماسک ضرور پہنیں، ہاتھ بار بار 20 سیکنڈ کیلئے دھوئیں، نماز کے دوران تین فٹ کا فاصلہ رکھیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم احتیاط کرےکیونکہ حکومت اور نجی شعبے کے وسائل کم ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کورونا کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے، اس حوالے سے تمام شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور دوسروں کا خیال رکھنا ہوگا۔