وباءکی صورت میں شریعت نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیا ہے، عوام حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت

155

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ وباءکی صورت میں شریعت نے ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیا ہے، عوام حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں، وائرس سے متاثرہ افراد کا مساجد میں جانا جائز نہیں، انہیں چاہیے کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں، لوگ زیادہ سے زیادہ آیت کریمہ کا ورد کریں اور ہر نماز کے بعد آیت الکرسی کا اہتمام کریں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ علاقے سے لوگ اندر یا باہر نہ جائیں، عوام وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے شادی بیاہ اور عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سنتیں گھروں میں پڑھیں اور مساجد میں علمائے کرام مختصر قرات کے ساتھ نماز ادا کریں تاکہ اجتماع کا وقفہ کم سے کم ہو۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ جمعہ کے خطبوں کو مختصر کیا جا سکتا ہے، علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ خطبوں اور جمعہ کی دعا مختصر کریں تاکہ عوامی اجتماعی کو محدود کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، قالینوں یا صفوں کی بجائے فرش پر نماز ادا کرنا زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصافحہ کرنا فرض یا واجب نہیں ہے، وہ مستحب ہے، سلام کرنا زیادہ اہم ہے، ماہرین اگر مصافحہ نہ کرنے کا کہتے ہیں تو نہیں کرنا چاہیے۔