اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ورلڈ بیچ کبڈی چیمپئن شپ کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے بتایا کہ منتخب کھلاڑی ورلڈ بیچ کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے اور یہ چیمپئن شپ 25 سے 30 ستمبر تک ایران میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑی اپنی قسمت آزمائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹریننگ بیچ کبڈی تربیتی کیمپ کے لئے 18 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں عثمان احمد، آفاق خان، شعیب ممتاز علی، جنید خان، کاشف رزاق، مدثر علی، محمد صفیان، بلال خان، عثمان خالد، عثمان غنی، فرحان علی، محمد امجد علی، اخلاق احمد، محمد عثمان ارشد، محمد عمران، وقار علی، سید الملوک خان اور فرمان علی شامل ہیں۔ کوچنگ کے فرائض نبیل احمد رانا انجام دے رہے ہیں۔