لندن۔14اپریل (اے پی پی):ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ 17 اپریل سے انگلینڈ کے شہر شیفیلڈ میں شروع ہو گی۔ یہ21-2020 سیزن کا 15 واں اور آخری رینکنگ ایونٹ ہے۔ عالمی نمبر ایک انگلینڈ کے رونی او سلیوان ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ سال ہم وطن حریف کیرن ولسن کو شکست دے کر چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں عالمی نمبر دو انگلینڈ کے جوڈ ٹرمپ، عالمی نمبر تین آسٹریلیا کے نیل رابرٹسن، عالمی نمبر چار انگلینڈ کے مارک سیلبی اور عالمی نمبر پانچ سکاٹ لینڈ کے جان ہیگنز شامل ہیں۔ میگا ایونٹ کا ابتدائی رائونڈ 19فریمز جبکہ دوسرا مرحلہ اور کوارٹر فائنل مقابلے 25 فریمز پر مشتمل ہوں گے۔
اسی طرح سیمی فائنلز 33 فریمز اور فائنل 35 فریمز پر مشتمل ہو گا۔ 3 مئی تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 16 کھلاڑی براہ راست حصہ لیں گے جبکہ دیگر 16 کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے کوالیفائنگ رائونڈ جاری ہے جس میں دنیا بھر سے 128 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔