29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومکھیل کی خبریںورلڈ کپ سیمی فائنل، بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے...

ورلڈ کپ سیمی فائنل، بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ویرات کوہلی کی 50 ویں سنچری، محمد شامی نے 7 وکٹیں حاصل کیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، بھارت کے398 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 327 رنز بنا آئوٹ ہوگئی، ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر میں 50 ویں سنچری سکور کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، شریاس ایر نے سنچری سکور کی، محمد شامی کو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، کیوی بلے باز ڈیرل مچل کی 134 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، کپتان روہت شرما اور شبمان گل نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور 8 اوورز میں سکور کو 71 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر کپتان روہت شرما 29 بالوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے تو نئے آنے والے بیٹر ویرات کوہلی نے شبمان گل کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، 164 کے مجموعی سکور پر شبمان گل 79 رنز کی اننگز کھیل کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے،

- Advertisement -

ویرات کوہلی اور شریاس ایئر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 237 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 327 تک پہنچا دیا، اس دوران ویرات کوہلی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 50 سنچری سکور کرکے سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، کوہلی 117 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔

بھارت کی تیسری وکٹ 381 کے سکور پر گری جب شریاس ایر بھی 70 بالوں پر 105 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد سوریا کمار یادیو بھی ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، دوبارہ بیٹنگ کے لئے میدان میں آنے والے شبمان گل 80 اور کے ایل راہول 39 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساوتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے 398 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کیوی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 181 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 220 تک پہنچا کر میچ کو دلچسپ بنا دیا تاہم کپتان ولیمسن 73 بالوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد محمد شامی کا شکار بنے،

محمد شامی کے اسی اوور کے دوران ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تو اس موقع پر گلین فلپس نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 295 کے سکور پر گلین فلپس 41 رنزبنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو ٹیم کی فتح کی امیدیں بھی معدوم ہوگئیں۔ دوسرے اینڈ پر مڈل آرڈر بیٹر ڈیرل مچل نے سکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 119 بالوں پر 134 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 9 چوکے شامل ہیں تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور محمد شامی کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت کیوی ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کے فاسٹ بائولر محمد شامی نے 57 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، جسپریت بمرا، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=411160

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں