بلاویو۔4جولائی (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں سکاٹ لینڈ نے زمبابوے کو 31 رنز سے شکست دے دی، سکاٹ لینڈ کے 235 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 41.1 اوورز میں 203 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کرس سول کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو کوئنز سپورٹس کلب بلاویو میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس مرحلے کے میچ میں سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔
مائیکل لیسک 48، میتھیو کراس 38، برینڈن میکمولن 34، جارج منسے 31 اور کرسٹوفر میک برائیڈ28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زمبابوے کے سپنر سین ولیمنز نے 41 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ چٹارا نے دو اور رچرڈ انگاراوا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سکاٹ لینڈ کے 235 رنز کے جواب میں زمبابوین ٹیم 42ویں اوور میں 203 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوین اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ، زمبابوے کی 4 کھلاڑی 37 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر مڈل آرڈر بیٹر ریان برل نے سکندر رضا اور ویسلے مدھویرے کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، ریان برل نے 84 بالوں پر 83 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیلی، ویسلے مدھویرے 40 اور سکندر رضا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کرسکا۔
سکاٹش بائولر کرس سول نے 33 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ برینڈن میکمولن اور مائیکل لیسک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد سکاٹ لینڈ سپر سکس مرحلے میں دوسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ زمبابوین ٹیم شکست کے بعد تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔