دہلی۔15اکتوبر (اے پی پی):افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر رواں آئی سی سی ورلڈکپ میں پہلا بڑا اپ سیٹ کر دیا، انگلش ٹیم 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40.3 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی، افغان بائولرز نے نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، ہیری بروک کے سوا کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، بروک 66 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، مجیب الرحمان اور راشد خان نے3، 3 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا، افغانستان کی طرف سے رحمان اللہ گرباز 80 اور اکرام علیحیل 58 رنز بنا کر نمایاں رہے،
مجیب الرحمان عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے ورلڈکپ کے 13ویں میچ میں انگلش قائد جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 284 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 114 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، ابراہیم زدران 28 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، عادل رشید کے اگلے اوور میں رحمت شاہ 3 رنز بنا کر سٹمپ آئوٹ ہوئے، اسی اوور کی اگلی گیند پر افغان ٹیم کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب رحمان اللہ گرباز جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے، 80 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی 14 اور عظمت اللہ عمرزئی 19 رنزبنا کر چلتے بنے، محمدنبی 9 رنز بنا سکے، راشدخان نے 23 رنز بنائے، اکرام علی خیل نے 58 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کے مجموعہ کو فائٹنگ بنا دیا، مجیب الرحمان 28، نوین الحق 5 رنز بنا سکے،
عادل راشد نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ ریس ٹاپلے، لیونگ سٹون اور جوروٹ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ہدف کے تعاقب کیلئے انگلش ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور دوسرے ہی اوور میں جونی بیئرسٹو2 رنز بنا کر فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 33 کے مجموعی سکور پر مجیب الرحمان نے جوروٹ کو کلین بولڈ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 11 رنز بنا سکے،
ڈیوڈ میلان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 32 رنز بنا کر محمدنبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 91 کے مجموعی سکور پر انگلش ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان جوز بٹلر 9 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند کا نشانہ بنے، لیام لیونگسٹون اور ثام کیورن 10،10 رنز بنا کر چلتے بنے، کرس ووکس 9 رنز بنا سکے، 169 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب ہیری بروک 66 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، عادل رشید 20 اور مارک ووڈ 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ریس ٹاپلے 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،
مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3 محمد نبی نے 2 جبکہ فضل الحق اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ افغانستان کی میگا ایونٹ میں متواتر دو شکستوں کے بعد پہلی فتح جبکہ انگلش ٹیم کی تین میچز میں دوسری شکست ہے۔افغان ٹیم کو پہلے میچ میں بنگلہ دیش اور دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے شکست فاش سے دوچار کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو زیر کر کے کامیابی سمیٹی تھی، تیسرے میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔