احمدآباد۔14اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تین فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے، بھارتی ٹیم نے 192 رنز کا ہدف 30.3 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان روہت شرما نے 86 اور شیریاس آئر نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم 50 اور محمدرضوان 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، جسپریت بمرا کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں ہفتہ کو احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے بارہویں میچ میں بھارتی قائد روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس 42.5 اوورز میں 191رنز پر ڈھیر ہو گئی، عبداللہ شفیق اور امام الحق ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، 41 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق 20 رنز بنانے کے بعد محمدسراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 73 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب امام الحق 36 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان بابراعظم نے رضوان کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 82رنز بنا کر سکور 155 تک پہنچا دیا
یہاں پر بابراعظم 50 رنز بنا کر محمدسراج کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، پاکستانی قائد کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بائولرز کے سامنے جم کر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتیں رہیں، اگلے 36 رنز پر گرین شرٹس نے 7 وکٹیں گنوائیں، محمد رضوان 49، سعود شکیل 6، افتخار احمد 4، شاداب خان 2، محمدنواز 4، حسن علی 12 اور حارث رئوف 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جسپریت بمرا، ہارڈک پانڈیا، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور روندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، بھارتی کپتان روہت شرما اور شیریاس آئر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، شرما 86، شبمان گل اور ویرات کوہلی 16، 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شیریاس آئر53 اور راہول 19 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین آفریدی نے دو اور حسن علی نے ایک وکٹ لی۔