وزارت خارجہ نے پاکستان کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کردیا

73

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کردیا ہے، بھارتی وزیر دفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی وقت بلیک لسٹ ہوجائے گا۔ بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہاہے۔ بھارت ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق پروسیڈنگز پر اثر انداز ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایشیاء پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کررہاہے۔ پاکستان اس سلسلے میں اپنے تحفظات رکن ممالک کے سامنے رکھ چکاہے۔ توقع ہے کہ ارکان بھارت کی ان گمراہ کن سازشوں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے ارکان بھارت کی معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو مسترد کردیں گے۔