وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں مزید دو تھانے اور سیکٹروں میں چوکیاں قائم کرنے کی تجویز مسترد کر دی

130

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وزارت داخلہ نے دارالحکومت اسلام آباد میں مزید دو تھانے اور سیکٹروں میں چوکیاں قائم کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔

وزارت داخلہ کے سینئر افسر نے بتایا کہ وفاقی پولیس کی طرف سے کارکردگی اور استعداد کار میں بہتری لانے کیلئے تجویز دی گئی تھی کہ دارالحکومت اسلام آباد میں مزید دو تھانے قائم کئے جائیں اور کرائم پر بروقت کارروائی کیلئے وفاقی دارالحکومت کے دو سیکٹروں پر ایک چوکی قائم کی جائے۔ اس حوالے سے آئی جی آفس سے معلوم ہوا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد آئی جی کو سینئر پولیس افسران نے تجویز دی تھی کہ دارالحکومت میں گنجان آباد سیکٹروں میں کرائم کی روک تھام کیلئے دو نئے تھانے قائم کئے جائیں اور ساتھ ہی ہر سیکٹر میں پولیس کی ایک چوکی بھی قائم کی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ آئی جی نے یہ تجویز وزارت داخلہ کو بھجوائی تھی۔ وزارت داخلہ کے افسر کے مطابق وفاقی پولیس کی ان تجاویز کو مسترد کیا گیا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں قائم تھانوں کا حدود اربعہ زیادہ نہ ہونے کے باعث مزید تھانوں کا قیام نہیں کیا جا سکتا بلہ تھانوں کی تعداد بڑھانے کی بجائے پولیس اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے استعداد کار کو موثر بنائے۔