وزارت صحت کے اعلیٰ حکام سے وفاقی ہسپتالوں کی نمائندہ تنظیموں کے وفد کی ملاقات

11
Ministry of Health

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی ہسپتالوں کی نمائندہ تنظیموں کے وفد نے وزارت صحت کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس میں ہیلتھ رسک الائونس سے متعلق موجودہ صورتحال، طبی عملے کو درپیش مسائل اور ہیلتھ رسک الائونس کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔جمعہ کو ملاقات کے دوران وفد نے موقف اختیار کیا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں 2014ء سے منجمد ہیلتھ رسک الائونس کی بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلتھ رسک الائونس کو فوری طور پر بحال کرے۔وزارت صحت کے اعلیٰ حکام نے وفد کا موقف سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ وزارت صحت ملازمین کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور وزارت خزانہ میں آپ کی معاونت کی جائے گی ، آپ کے جائز مطالبات کی منظوری کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہو سکے۔