وزارت قومی صحت ، سروسز، ریگولیشن و کوآرڈینیشن کے 9 نئے ،31 جاری منصوبوں کےلئے 13 ارب10 کروڑ روپے مختص

109
PSDP

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال 24-2023 کےلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں وزارت قومی صحت ، سروسز، ریگولیشن و کوآرڈینیشن کے 9 نئے اور31 جاری منصوبوں کےلئے 13 ارب10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو جاری کئے گئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے مطابق نئے منصوبوں کےلئے 2 ارب 59کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔

ان میں اسلام آباد میں بوکرا کے مقام پر طبی مرکز کے قیام کےلئے 20 کروڑ روپے ، لیبارٹری کے قیام کےلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے نیشنل ہیلتھ سپورٹ منصوبے کےلئے 25کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ گمبٹ سندھ میں بیالوجیکل اور کینسر ریسرچ و ٹریٹمنٹ 50 کروڑ روپے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے وزیراعظم قومی پروگرام کےلئے 50 کروڑ روپے اور اسلام آباد میں کینسرہسپتال کے قیام کےلئے آلات کی خریداری کےلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے روک تھام ذیابیطس کےلئے 50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزارت کے 31 جاری منصوبوں کےلئے 10ارب 50کروڑ 33لاکھ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں، اسلام آباد میں کینسرہسپتال کے قیام کےلئے ایک ارب روپے ، دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کے استحکام اور اپ گریڈیشن کےلئے 35کروڑ 69 لاکھ ، پمزمیں نیورو سرجری کے شعبہ کی اپ گریڈیشن کےلئے 30کروڑ روپے

،ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی بہتری کےلئے 14کروڑ 58لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔پمزمیں 200 بستروں کے شعبہ حادثات و ایمرجنسی مرکز کے قیام کےلئے ایک ارب 20کروڑ روپے ، جی الیون تھری میں جناح ہاسپٹل اسلام آباد کےلئے قیام کےلئے 2 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ وزیراعظم کے قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں صحت سہولت پروگرام کےلئے 2 ارب 29کروڑ سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔