وزارت مذہبی امور میں ملک کے جید علماء کا وڈیو لنک اجلاس ،ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی بھرپورامداد کے عزم کا اظہار

119
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):ملک بھر کے علماء کرام نے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی بھرپورامداد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ جمعۃ المبارک کو یوم یکجہتی ترکیہ و شام اور یوم دعا کے طور پر منایا جائے۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں ملک بھرکے جید علماء کے وڈیو لنک اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور نے کی ۔ اجلاس کو این ڈی ایم اے کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترکیہ میں اب تک پاکستان کی جانب سے 325 ٹن امدادی سامان جاری کیا جاچکا ہے،21 فروری کو1000 ٹن خوراک پر مبنی سامان بھی روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ سے ٹینٹوں، گرم کپڑوں اور شدید سرد علاقوں میں متاثر ہ لوگو ں کےلئے ڈرائی فروٹ کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں خوراک کی کمی نہیں ہے، خوراک کے سامان کی زیادہ ضرورت شام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام سے یہ گزارش کی جائے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں گرم کپڑوں کا معیار بھی اچھا ہونا چاہئے، اسلام کا بھی حکم ہے کہ اپنے بھائیوں کےلئے وہی چیز پسند کریں جو اپنے لئے پسند کرتے ہیں ، اس لئے گرم کپڑے نئے ہونے چاہئیں۔ مفتی علی اصغر عطاری اور قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ کس طرح مدد کرنی ہے، لوگوں کی معلومات کےلئے تشہیر کی جائے۔ سیکرٹری اوقاف بلوچستان انوار الحق نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے مصیبت زدہ بھائیوں کی بھرپور امداد کی جائے۔

صوبہ بلوچستان کے منتخب نمائندوں نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کردی ہے۔ اس طرح تمام سرکاری ملازمین نے اپنی تنخواہوں میں سے بھی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی نقد امداد کےلئے اکائونٹ نمبربھی فراہم کیا جائے۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ اپنےمسلمان بھائیوں کی امداد کرنا عبادت بھی ہے اور تقویٰ کی بنیاد بھی ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اپنے بھائیوں کی خدمت ہمارا شعار ہونا چاہئے۔ سیکرٹری اوقاف صوبہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجالس میں امدادی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا ہے۔ متحدہ علماء بورڈ کے پی کے بھی اس سلسلے میں کام کررہے ہیں ، ضلعی اور تحصیل سطح کے اوقاف کے آئما سے درخواست کی گئی ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کےلئے مخیر حضرات کو اپنے خطبا ت کے ذریعے متحرک کریں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر سے تعلق رھنے والے علماء نے کہا کہ ترکیہ نے آزاد کشمیرکے 2005 کے زلزلہ کے وقت ہمارے زلزلہ زدہ علاقوں کی بھرپور امداد کی وہ ہم نہیں بھول سکتے۔ عالم اسلام ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے محبت کرتے ہیں ، آزاد کشمیرکے علماء کرام نے اس سلسلے میں کام شروع کرررکھا ہے، پورے آزاد کشمیر سے مالی امداد کےلئے عوام کو متحرک کیا جائے گا، گلگت بلتستان سے نمائندے نے کہا کہ گلگت بلتستان کے چاروں ڈویژنوں کے علماء کرام نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی بھرپور امداد کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر یہ دعا کرنی چاہئے کہ اﷲ کریم کسی اور ملک یا علاقہ کو اس جیسی آزمائش میں مبتلا نہ کرے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وزیر مذہبی امور کی طرف سے وڈیو لنک کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ یہ پوری امت مسلمہ اور ساری انسانیت کا امتحان ہے، ہمیں مسالک اور ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے زلزلہ زدہ مسلمان بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ اسلام آباد سے مولانا عبدالمجید ہزاروی نے کہا کہ وزیر مذہبی امور کا اس کارخیر کی طرف قوم کو متوجہ کرنا خوش آئند ہے، پاکستانی قوم میں اس حوالہ سے جو جوش و جذبہ ہے وہ دنیا میں کسی اور قوم میں نہیں ملتا، ترکیہ اور شام ہمارے برادر اسلامی ممالک ہیں، جمعہ کو ترکیہ اور شام کے مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منانے کی تائید کرتے ہیں۔

مفتی عبدالشکور نے کہا کہ اجلاس میں ملک بھر سے علماء کی حاضری دیکھ کر لگتا ہے کہ ترکیہ اور شام کے مسلمانوںکیلئے پوری قوم مضطرب ہے، توقع ہے کہ علماء کرام پوری قوم کو اپنے مسلمان بھائیوں کی امداد کیلئے بھرپور اپیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ نے جو تجویز دی ہے کہ ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے متاثرہ بھائیوں کی امداد کی جائے۔ این ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر اکائونٹ نمبر اور ضرورت کی اشیاء کی تفصیل بھی موجود ہے، ترکیہ اور شام میں ہمارے سفارتخانے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جمعة المبارک کو ترکیہ اور شام کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منائیں اور پوری قوم دل کھول کر اپنے بھائیوں کی ہر طرح سے مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ اﷲ رب العزت کے سامنے سربسجود ہو کر توبہ کریں اور یہ دعا کریں کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء کریں۔