وزارت مذہبی امور نے رواں سال حج آپریشنز میں اہم سنگ میل عبور کر لیا، موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا

15
Hajj flights begin
Hajj flights begin

مکہ مکرمہ ۔19جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے رواں سال حج آپریشنز میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے "پاک حج 2025” موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا ہے جو کہ ایک اہم ٹیکنالوجیکل کامیابی ہے۔

جمعرات کو یہاں میڈیا بریفنگ کے دوران وزارت مذہبی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر (آئی ٹی) محمد حکیم خان خٹک نے بتایا کہ کس طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستانی عازمین حج کے لیے ایک موثر تجربہ فراہم کیا، پاکستانی عازمین کے لیے ٹیکنالوجی میں انقلابی قدم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے تعاون سے تیار کی گئی "پاک حج” ایپ ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو عازمین کو بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کرتی ہے۔

پہلی بار ہر پاکستانی حجاج کو حج سے متعلق تمام معلومات فوری طور پر اپنے سمارٹ فون پر دستیاب تھیں۔ایپ نے حج کے پانچ اہم دنوں میں کلیدی کردار ادا کیا جس میں ویڈیو پیغامات، سعودی حکومت کی ہدایات اور مناسک حج کی مرحلہ وار رہنمائی شامل تھی۔اہم فیچرز میں رہائش اور پرواز کی تفصیلات،مشاعر گائیڈ اور حج کیمپ کی معلومات، نقشے اور تربیتی مواد شکایات کے اندراج کا نظام اور ایس او ایس الرٹس، گمشدہ اشیاء کی تلاش کا نظام، عازمین کی پروفائل سے منسلک کیو آر کوڈ پر مبنی سامان کی ٹریکنگ شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت نے ابتدائی درخواست سے لے کر بعد از حج تاثرات تک پورے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا ہے۔شکایات کے فوری حل اور بروقت معلومات کی فراہمی ایپ کا سب سے زیادہ سراہا جانے والا فیچر اس کا ریئل ٹائم شکایتی نظام ہے جس کے ذریعے عازمین اپنی رہائش گاہوں سے براہ راست مسائل رپورٹ کر سکتے تھے، ایپ کے ذریعے 3,000 سے زائد شکایات درج کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کی طرف سے موصول ہونے والے فیڈ بیک سے مستقبل کے لیے قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔حج 2026 کی تیاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حج 2026 کے لیے ایپ کو مزید آسان اور فیچر سے بھرپور بنایا جائے گا۔ انہوں نے آئندہ عازمین پر زور دیا کہ وہ وقت سے پہلے سمارٹ فونز اپنائیں تاکہ ایپ کی فعالیت سے واقف ہو سکیں۔ڈیجیٹل ٹولز سے جلدی واقفیت حج کے تجربے کو مزید بہتر بنائے گی۔