وزارت مذہبی امور نے وقت کی کمی کے باوجود عازمین حج کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے سخت محنت کی ، آفتاب اکبر درانی

72

مکہ مکرمہ ۔14جولائی (اے پی پی):سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ حکومت بالخصوص وزارت مذہبی امور نے وقت کی کمی کے باوجود حج 2022 کے موقع پرعازمین حج کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے سخت محنت کی ہے ۔

جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حج کا اعلان عام طور پر سعودی عرب کی جانب سے ہر سال دسمبر میں کیا جاتا ہے اور اسی مہینے میں حج پالیسی کی کابینہ سے منظوری لی جاتی ہے اس لئے وزارت کو حج انتظامات کے لئے 5 سے 6 ماہ کا وقت مل جاتا تھا مگر اس مرتبہ حج اور اس کے اخراجات کا اعلان بالترتیب اپریل اور مئی میں کیا گیاجس کے بعد وزارت نے راتوں رات حج پالیسی بنائی اور وقت کی کمی کے باوجود ہم نے 24 مئی کو سرکولیشن کے ذریعے کابینہ سے اس کی منظوری لی۔سیکرٹری نے کہا کہ وزارت اور حج مشن جدہ کی سخت محنت کی وجہ سے پہلی حج پرواز 6 جون کو مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔

انہوں نے پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے لئے قابل ستائش تعاون پر سعودی حکومت، اس کے اداروں اور پاکستان میں سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معمولی کمی کے باوجود مجموعی طور پر حجاج خوش ہیں جو حج مشن کے لیے اطمینان بخش ہے۔

انہوں نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر کا خصوصی طور پر سعودی عرب اور مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔