وزارت منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات کا قومی اقتصادی کونسل کی منظوری کے بعد 5ایز فریم ورک کو جلد لانچ کرنے کا فیصلہ

78

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وزارت منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات نے قومی اقتصادی کونسل کی منظوری کے بعد 5ایز فریم ورک کو جلد لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جو حکومت کی ایک ایک کثیر الجہتی حکمت عملی ہے۔گزشتہ روز قومی اقتصادی کونسل نے اس فریم ورک کی منظوری دی تھی اور یہ فریم ورک اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کو درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پانچ اہم ستونوں پر مرکوز ہے جس میں ایکسپورٹ یعنی برآمدات،انرجی (توانائی)، ای ۔پاکستان ، انوائرنمنٹ (ماحولیات) اور ایکویٹی(مساوات) شامل ہیں۔یہ فریم ورک پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے کیونکہ اس نے اہم چیلنجزسے نمٹنے اور قوم کی بہتری کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تبدیلی کی منزلیں طے کی ہیں۔

پہلے ای کا مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے۔ یہ ای ، خاص طور پر ان اقدامات پر توجہ مرکوز کرے گا جو صنعت، زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور افرادی قوت کے شعبوں کے ذریعے برآمدات کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبالنے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کتنی تیزی سے برآمدات پر مبنی معیشت بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں ہماری خراب کارکردگی ہمارے موجودہ بحران کی بنیادی وجہ ہے اور ہمیں ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے۔دوسرا ستون ای پاکستان کے بارے میں ہے، جو بالآخر آئی ٹی اور ٹیلی کام کی برآمدات کی بے پناہ صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے ایک بھرپور مشن کے ساتھ پاکستان کو علمی معیشت کی تعمیر میں مدد دے گا۔

اس کا مقصد پاکستان میں علم پر مبنی مضبوط معیشت کی بنیاد رکھنا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن ایکو سسٹم کو تیز کرنا اور آئی ٹی سیکٹر کو وسعت دینا سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے کلیدی مقاصد ہیں۔تیسرا ای ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں ہے جو بنیادی طور پر پانی اور خوراک ک تحفظ پر مرکوز ہے۔ بالخصوص پانی اور غذائی تحفظ کے چیلنجزسے نمٹنا اہم توجہ کا مرکز ہے۔چوتھا ستون ای توانائی اور انفراسٹرکچر کے بارے میں ہے جیسا حکومت صنعت اور دیگر ترقیاتی شعبوں سمیت سب کے لیے محفوظ، پائیدار اور سستی توانائی کے لیے پرعزم ہے۔اس کا مقصد کھپت کو کم کرنا، لاگت میں کمی اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لئے توانائی کی کارکردگی اور تحفظ کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

پانچواں ستون ایکویٹی اور بااختیار بنانے کے بارے میں ہے جس کا کا بنیادی مقصد کسی کو پیچھے چھوڑنا نہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔یہ ای تمام شہریوں کے لیے قابل رسائی اور اعلیٰ معیار کی صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے اہم ستون ہے۔وزارت منصوبہ بندی وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے 5ایز فریم ورک کو نافذ کرنے کے لئے کام کرے گی۔ اس جامع حکمت عملی کے مطابق پالیسیاں مرتب کی جائیں گی اور اس حوالے سے منصوبے تیار کئے جائیں گے ۔