وزارت موسمیاتی تبدیلی برقی گاڑیوں کی صنعت اور درآمد سے متعلق پالیسی پر تیزی سے کام کر رہی ہے، امین اسلم

105

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم نے کہا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی برقی گاڑیوں کی صنعت اور درآمد سے متعلق پالیسی پر تیزی سے کام کر رہی ہے جسے جلد ہی کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کر دیا جائے گا ، تمام دنیا خصوصاً ترقی یافتہ ممالک میں ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے برقی گاڑیوں کا رجحان فروغ پا رہا ہے، پاکستان بہت جلد خود کو اس رجحان سے ہم آہنگ کر لے گا، اس سلسلہ میں ایک مربوط پالیسی تیاری کے مراحل میں ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، مذکورہ پالیسی نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے میں ممدو معاون ہو گی بلکہ سرسبز روزگار کے ذریعے اس کے دور رس معاشی و سماجی اثرات بھی مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی رکشہ ساز کمپنی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ رکشہ ساز کمپنی چینی کمپنی کی شراکت سے پاکستان میں برقی رکشہ کی درآمد اور پیداوار میں دلچسپی رکھتی ہے۔ نجی صنعتکار نے وفاقی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنی تجاویز دیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی کمپنی سال میں ایک لاکھ رکشہ جات چلانے کا ارادہ رکھتی ہے، اس رکشہ کی قیمت روایتی رکشہ کے برابر ہے جبکہ آپریشنل کاسٹ ایک تہائی ہے، یہ رکشہ نہ صرف ماحول دوست ہو گا بلکہ کم قیمت ذریعہ آمدورفت بھی ثابت ہو گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان نے وزارت موسمیاتی تغیرات کو ہدایات دی تھیں کہ برقی گاڑیوں کے حوالہ سے پالیسی جلد از جلد مرتب کرے۔ اس سلسلہ میں صنعتی شعبہ نے وزیراعظم کے اقدام کو نہ صرف سراہا بلکہ گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔