وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیرِ صدارت ترقیاتی محکمہ جات کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

145
Prime Minister Azad Jammu and Kashmir Chaudhry Anwar ul Haq

بنجوسہ/راولاکوٹ ۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیرِ صدارت ترقیاتی محکمہ جات کا جائزہ اجلاس پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس بنجوسہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر/ وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ، وزراء کرام سردار میر اکبر خان، سردار عامر الطاف، مشیر حکومت احمد صغیر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے محکمہ جات کے آفیسران کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے جاری فنڈز عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہیں اس کا ایک ایک روپیہ زمین پر لگا ہوا لوگوں کو نظر آنا چاہیے،آفیسران اپنے ماتحت عملہ سے کام لینے کے ذمہ دار ہیں ،کسی غفلت لاپرواہی کا جواب دینا پڑے گا،کسی محکمہ کی ناقص کارکردگی سے اگر حکومت کی نیک نامی متاثر ہوئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ آفیسر ہو گا،وزراء کرام سمیت اعلیٰ حکام سرپرائز وزٹ کریں اور غفلت کے مرتکب آفیسران یا ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

محکمہ شاہرات پونچھ کی بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ تول پیر روڈ گیم چینجر منصوبہ ہے ،مطلوبہ فنڈز فراہم کر رہے ہیں ،بقایا کام فوری مکمل کیا جائے،مین شاہرات کے لیے الگ سے پیچ ورک کیلئے فنڈز دیئے گئے ہیں ،اس کے جائز استعمال سے آمدورفت میں مزید آسانی پیدا کرنی ہو گی، پیچ ورک کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کراس چیک کر کے رپورٹ کریں گے۔ پی ڈبلیو ڈی،عمارت ڈویژن کی بریفنگ پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کی عمارت کے لیے فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ،کام بہرصورت دسمبر سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ قیدیوں کو وہاں شفٹ کیا جا سکے۔دوران بریفنگ محکمہ برقیات وزیراعظم آزاد کشمیر نے سختی سے ہدایت کی بجلی چوری کو مکمل روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا سستی بجلی ہونے کے باوجود بلات ریکوری کی اوسط شرح میں اضافہ نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ موسٹ سینئر وزیر/وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار نور نے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا ہے ،اب کوالٹی ایجوکیشن پر کمپرومائز نہیں ہونے دیں گے،بائیو میٹرک سسٹم سے حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی حرج نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپ متعارف کروا رہے ہیں جس کے ذریعے سے تمام محکمہ جات کے آفیسران اور سٹاف کی بہتر مانیٹرنگ یقینی بنا رہے ہیں۔