
اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائداعظم بین الصوبائی گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے، پنجاب سپورٹس بورڈ کے ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب نے 74 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 151 تمغے جیت کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، میڈلز کی دوڑ میں بلوچستان 26 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 86 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور خیبرپختونخوا 21 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 94 تمغے جیت کر تیسرے نمبر پر رہا، سندھ 20 طلائی تمغے جیت کر چوتھے، فاٹا 7 طلائی تمغے جیت کر پانچویں، اسلام آباد 6 طلائی تمغے جیت کر چھٹے، گلگت بلتستان 4 طلائی تمغے جیت کر ساتویں اور آزاد جموں و کشمیر ایک طلائی تمغہ جیت کر آٹھویں نمبر پر رہا، سندھ کے عبدالمعید بلوچ 100 اور 200 میٹر دوڑ کے چیمپئن رہے جبکہ سندھ کی شفق آفرین 100 اور پنجاب کی توراب زہرہ 200 میٹر دوڑ میں تیز ترین ایتھلیٹ قرار پائیں۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جیتنے والی ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، ایمبیسڈرز، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرابھی موجود تھے، ٹیموں کے مارچ پاسٹ کے بعد زبردست دھمال کا مظاہرہ کیا گیا، گلوکار وقاص علی نے پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے اختتامی تقریب میں خوب سماں باندھا۔