وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا تربیلا فور توسیعی منصوبہ کے پہلے یونٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب

91
APP47-10 TARBELA: March 10 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing a gathering after inauguration of 470 MW 1st Unit of Tarbela-IV Hydro-power project. APP

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تربیلا فور توسیعی منصوبہ حکومت کی کوششوں سے بروقت اور مقررہ قیمت میں مکمل ہوا ہے۔ عالمی بینک کی معاونت سے منصوبہ مکمل ہوا،ہم نے جرمنی کے کنٹریکٹرز ، برطانیہ کے کنسلٹنٹ ،چین کے کنٹریکٹرز اور ترکی کے ماہرین کی مدد سے470 میگاواٹ کا منصوبہ بروقت مکمل کیا ہے ،جون تک1410 میگاواٹ کا منصوبہ مکمل کریں گے، جو توانائی کی ملکی ضروریات کی بروقت تکمیل میں معاون ثابت ہوگا، اس سے نہ صرف مناسب وقت پر بجلی کی ضرورت پوری ہو گی بلکہ سستی اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بجلی فراہم ہوسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو تربیلا فور توسیعی منصوبے کے پہلے یونٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے ملین ٹنز فرنس آئل کی بچت ہوگی، حکومت کوئلے کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ شفاف توانائی کے منصوبوں پربھی توجہ دے رہی ہے ، حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے تاکہ فضائی آلودگی کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے، اس حوالہ سے عالمی بینک کے مشکور ہیں، پہلی مرتبہ ملک میں وزارت پانی تشکیل دی گئی ہے تاکہ پانی کے مسائل کو ختم کیا جاسکے۔