وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

89

اسلام آباد۔19 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی تنہا نہیں تھا،خارجہ پالیسی کامیاب رہی ہے،ملک میں دہشت گردوں کی کسی قسم کی کوئی خفیہ پناہ گاہیں نہیں،دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہےں،سعودی عرب کے حوالے سے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا، یہ سلسلہ پچھلے 30 سال سے جاری ہے،وہاں صرف ہمارے ٹرینر لوگ موجود ہیں،ایسے فوجی دستے نہیں بھیجے جو کسی جنگ کا حصہ بنیں گے،موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،عوامی فلاح و بہبود کا سفر جاری رہے گا،عدلیہ پر تنقید نہیں کی،آئین میں تمام اداروں کی حدود مقرر ہیں جس کے مطابق ہر ادارے کو اپنا کام کرنا چاہیئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بحران،مشکلات اور چیلنجز آتے رہتے ہیں،حکومت کا کام ان کا مقابلہ کرنا ہے اور وہ ہم کر رہے ہیں،اقوام متحدہ کی جو بھی قراردادیں ہیں ہم ان کی مکمل تعمیل کرتے ہیں،حکومت تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ خطرات نہیں بلکہ مسائل ہیں جن کا اظہار مختلف فورمز پر بعض ممالک نے کیا ہے جس کا پاکستان نے بڑا واضح جواب بھی دے دیا ہے اور ہمارا اس حوالے سے جواب بڑا واضح اور دوٹوک ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کسی قسم کی کوئی خفیہ پناہ گاہیں نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان کسی قسم کی دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے بلکہ پاکستان تو اس وقت دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے جس کی حقیقت سب کے سامنے ہے اور یہی بات ہم نے دنیا کے سامنے بھی رکھی ہے کہ ہماری 2 لاکھ فوج دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ لڑ رہی ہے جس میں ساڑھے 6 ہزار شہداءکی قربانیاں بھی شامل ہیں،جہاں پوری دنیا دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوئی الحمدللہ اسی علاقے میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور اپنے ملک کو اس برائی سے پاک کر دیا۔جن تنظیموں پر پابندی لگنی تھی وہ پہلے بھی تھیں لیکن جن اقدامات کا ہم سے کہا گیا وہ بھی پہلے ہی ہو چکے تھے لیکن اب ہم نے باقاعدہ دستاویزات کی شکل میں ان کے حوالے کر دئیے ہیں۔