وزیر اعظم شہباز شریف 19 تا 23 ستمبر نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، دفتر خارجہ

141
شنگھائی تعاون تنظیم

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کلیدی خطاب کریں گے،وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والےحالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کو درپیش چیلنج کو عالمی فورم پر اجاگر کرکے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرے سے اجتماعی طور پر نمٹنے کے لیے ٹھوس تجاویز کا خاکہ پیش کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اس موقع پر عالمی رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے موقف اور نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم افریقی یونین،یورپی یونین اور امریکا کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی غذائی تحفظ پر عالمی سربراہ اجلاس اور کوپ 27 پر عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

یہ دونوں اجلاس عالمی برادری کو درپیش دواہم ترین چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات پر غور و خوض کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں۔وزیراعظم اپنے دورے میں مختلف ممالک کے وزرا اعظم ،جنرل اسمبلی کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، عالمی مالیاتی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس موقع پراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی صدر کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ کے دوران عالمی رہنماؤں کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے اور وہ مختلف تقریبات میں شرکت کے علاوہ دیگر ممالک کے وزرا خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے،

وہ میڈیا اور تھنک ٹینک کے ساتھ بات چیت کے علاوہ جی 77 اور چین کےوزیر خارجہ اور او آئی سی کے سالانہ اجلاسوں اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے