وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم کی دعوت پر دو روزہ دورہ سعودی عرب کیلئے جدہ روانہ

125
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر اپنے دو روزہ دورہ سعودی عرب کیلئے اسلام آباد سے جدہ روانہ ہوگئے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم 5 اور 6 جون کو سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں اور عید الاضحیٰ سعودی عرب میں گزاریں گے۔ عید الاضحیٰ کے دن وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد و وزیراعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے عید ملیں گے اور ان کے مابین خصوصی ملاقات ہوگی ۔

بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کر رہا ہے۔