اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کریں گے۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی قیادت،حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچائیں گے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔شیخ خلیفہ بن زید النیہان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا۔وہ پاکستان کے ایک مخلص دوست تھے۔ان کا یہ ناقابل فراموش کردار طویل عرصہ تک پاکستان کی حکومت اور عوام یاد رکھیں گے۔متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے حکومت پاکستان نے سرکاری سطح پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔