وزیر اعظم شہباز شریف کا جاپانی سابق وزیراعظم شنزو ایبے کے انتقال پر جاپانی حکومت اور عوام سے اظہارِ افسوس

66

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ایبے کے انتقال پر جاپان کی حکومت اور عوام سے اظہارِ افسوس کیا ہے ۔جمعہ کو انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ایبے نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں شنزو ایبے کے خاندان اور جاپانی عوام کے ساتھ ہیں۔ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو ایبے نارا شہر میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ۔ان پر حملہ ایک انتخابی مہم کی تقریب کے دوران اس وقت ہوا جب وہ تقریر کر رہے تھے ۔

واضح رہے کہ شنزو ایبے جاپان کے سب سے طویل عرصہ تک رہنے والے وزیر اعظم ہیں جو 2006 میں ایک سال تک وزیر اعظم رہے اور پھر 2012 سے 2020 تک 8 سال تک وزیر اعظم رہے۔