وزیر اعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھجوا نے پر چینی قیادت سے اظہار تشکر

161

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے چین کی طرف سے امدادی سامان بھجوا نے پر چینی قیادت سے اظہار تشکر کیا ہے ۔پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ نے یہاں ملاقات کی ۔

وزیر اعظم نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے تعزیت اور ہمدردی کے پیغامات اور پاک چین سٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے فوری امداد بھجوانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ چین نے 25,000 خیموں سمیت سیلاب متاثرین کے لئے امداد کو 400 ملین یوان تک بڑھا دیا ہے۔

صوبائی اور شہری حکومتیں، دوستی کی انجمنیں، کاروباری ادارے اور چینی عوام ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے چینی حکومت کی کوششوں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے چین کو پاکستان کا قابل اعتماد دوست، مضبوط ترین شراکت دار اور آئرن برادر قرار دیا جس کی امداد کا پاکستان کے عوام دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں۔