وزیر اعظم شہباز شریف کی کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الصباح کو عید الفطر کی مبارکباد

232

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الصباح کو ٹیلی فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی ہے اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی روابط میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کووزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے انہیں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔کویت کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کویت اور پاکستان رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے اسے بہترین انداز سے منانے پر اتفاق کیا۔