وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے مفاد میں مشکل فیصلے کئے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں کمی اور معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

54
مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود
مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کئے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے اور معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے پر عزم ہے اور ہم آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ عوام کے پاس جائیں گے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کیلئے مثبت کردار ادا کیا اور آئندہ بھی افغان امن عمل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت کو خارجہ پالیسی میں کامیابیاں مل رہی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں کھڑے ہو کر پاکستان کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جوکہ خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے، پاکستان چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے اور ٹیکس فائلرز کی تعداد بڑھی ہے، بلاشبہ حکومت کیلئے پہلا سال مشکل تھا تاہم آہستہ آہستہ چیزیں بہتری کی جانب گامزن ہیں اور ملک کے فرسود نظام کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جو مہلت دی تھی وہ ختم ہو گئی ہے، عدالت نے ان کی مہلت میں توسیع کا معاملہ پنجاب حکومت کے ذمہ لگایا تھا اور پنجاب حکومت نے ساری چیزوں کو سامنے رکھ کر ان کو مہلت میں مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، حکومت انہیں واپس لانے کا حق رکھتی ہے، حکومت نے ان کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو لیٹر لکھا ہے، امید ہے کہ برطانوی حکومت ان کی واپسی کیلئے قانونی تقاضے پورے کرے گی۔