وزیر اعظم عمران خان کا سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب

74
APP81-09 LAHORE: March 09 - Prime Minister Imran Khan chairing a briefing regarding tourism initiatives by Punjab Government. APP

لاہور ۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، ہمیں نیشنل پارکس بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک میں سیاحت فروغ پا رہی ہے اور غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے، سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار میسر ہو گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور دور افتادہ علاقے ترقی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو صوبہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کی پہلی سیاحت پالیسی کا مسودہ کابینہ میں پیش کیے جانے کے لیے تیار ہے‘صوبے بھر میں آٹھ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری گیسٹ ہاوسز کو تبدیل کرنے اور انکوسیاحوں کے لئے رہائشگاہ بنانے کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ محکمہ جنگلات اور آبپاشی کے ستر (70) ریسٹ ہاوسز کو عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران ثقافتی، تاریخی ،مذہبی اور یوتھ ایڈونچر ٹورازم، آن لائن بکنگ اور سوشل میڈیا پورٹل کے حوالے نئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو کوٹلی ستیاں، چکوال، کوہ سلیمان، اٹک، کالا باغ، خوشاب، بہاولپور اور جہلم میں نئے سیاحتی مقامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے مذہبی اور ثقافتی سیاحت ، خصوصاً کرتارپور راہداری کے تناظر میں، ٹورازم کے پوٹینشل اور اہمیت کو اجاگر کیا اور اس ضمن میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات لینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے نیشنل پارکس کے تحفظ، ایکو ٹورازم کی اہمیت، جنگلات اور نیشنل پارکس میں قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، ہمیں نیشنل پارکس بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت فروغ پا رہی ہے اور غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار میسر آئے گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اوردور افتادہ علاقے ترقی کریں گے۔وزیر اعظم نے تاریخی ورثے اور مقامات کی تزئین اور دیکھ بھال کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات دیں۔ وزیر اعظم کو صوبہ پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے نئے اقدامات اور روڈ میپ کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔ جن میں ڈیزرٹ سفاری اور چکوال فور بائی فور ریلی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے تاریخی و ثقافتی مقامات کی تزئین و آرائش کے لئے وسائل کی دستیابی کے حوالے سے اقدامات کے لیے بھی مختلف ہدایات جاری کیں۔