اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے، معاشرے سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب کا عمل مجھ سمیت ہر کسی کیلئے ایک جیسا ہوگا، جہانگیر ترین گروپ کے تمام پارٹی ممبران ہمارے بھائی ہیں۔جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف صرف ایف آئی آر درج ہوئی ہے کوئی چارج شیٹ نہیں بنی، جہاں پر جہانگیر ترین کے خلاف کیس بنا و سلمان شہباز اور شہباز شریف کی شوگر ملوں پر بھی کیس بنے ہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ بعض لوگوں کو گلہ ہوتا ہے کہ نیب ایسے کیسز میں گرفتار کر لیتی ہے لیکن ان کیسوں میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، یہ مالی معاملات ہیں جس کے تحت سب کو سوالنامے دیئے گئے ہیں، انہیں چاہئیں کہ تحقیقات میں تعاون کریں، تحقیقات کاجو بھی نتیجہ آتا ہے اس پر اگرمطمئن نہیں ہوتے تو اس کیلئے عدالتیں موجود ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ جو لوگ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کو جانتے ہیں انہیں پتہ ہے کہ تحریک انصاف میں این آر او نہیں ہے، یہاں دو صرف باتیں ہی ہیں یا تو آپ گناہ ثابت نہ ہونے پر بے قصور تصور ہوں گے یا جرم ثابت ہونے پر سزا ملے گی، اس کے علاوہ تیسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جہانگیر ترین کو کوئی رعایت نہیں دے رہی، مقدمے عدالتوں میں چل رہے ہیں، عدالتی معاملات پر تبصرہ نہیں فیصلوں کا انتظار کرنا چاہئے۔