وزیر اعظم عمران خان کو کلائمیٹ ایکشن پیش کرنے والے 10 بڑے عالمی رہنمائوں میں شامل کیا گیا ہے، ملک امین اسلم

61

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے صاف و سرسبز پاکستان ویژن کادنیا اعتراف کررہی ہے، انہیں کلائمیٹ ایکشن پیش کرنے والے 10 بڑے عالمی رہنمائوں میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے قدرتی ماحول کے تحفظ و فروغ کی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہے، اپوزیشن فرسٹریشن کا شکا ہے، ان کا فلاپ شو ختم اور کامیڈی شو شروع ہوگیاہے، ہم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہا ں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کے کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں ماحولیات کے تحفظ و فروغ اور آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے پاکستان کے لائحہ عمل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ پاکستان کاکاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے جبکہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونےوالے 5 ممالک میں شامل ہے لیکن اس کے باوجود کلائمیٹ ایکشن کے حوالے سے اپنی کوششوں میں نہ صرف پر عزم ہے بلکہ قائدانہ کردار ادا کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عالمی فورم پر دو بڑے نکات پیش کئے جو ماحولیاتی آلودگی کے قدرتی حل پر مبنی ہیں۔ موجودہ حکومت کا 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ اور حیاتیاتی تنوع کے لئے محفوظ علاقوں کے فروغ کا پروگرام شامل ہے۔ امین اسلم نے کہا کہ ہم نے محفوظ علاقوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 45 کر دی ہے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ دوسرا اہم قدم ملک میں صاف اور ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے سے متعلق ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمارا ہدف 2030 تک 60 فیصد انرجی مکس کو متبادل توانائی پر منتقل کرناہے ۔یہ اقدام ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اس حوالے سے مجرمانہ پالیسی اختیار کررکھی تھی جس کے تحت 50 فیصد سے زیادہ متبادل توانائی گریڈ میں شامل نہیں ہو سکتی تھی۔ دوسری پالیسی درآمد کوئلہ سے متعلق تھی جس کے تحت پاکستان کے دل اور زرعی پیدوار کامرکز میں پلانٹ لگائے تھے۔ ساہیلوال کول پلانٹ اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مقامی کوئلے کو بہترین ٹیکنالوجی کی مدد سے مائع گیس میں تبدیل کر کے استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے کوئلے کے استعمال سے آلودگی پیدا ہونے جیسے مسائل میں کمی لائی جا سکے گی۔ امین اسلم نے کہا کہ ہماری حکومت نے آلودگی کے مسئلہ کے دیر پا حل کے لئے گاڑیوں کی بجلی پر منتقلی کی انقلابی پالیسی تیار کی ہے جس کے تحت 2030 تک ملک کی 30 فیصد گاڑیاں بجلی پر منتقل کی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ان ماحول دوست اقداامت کی بدولت وزیر اعظم عمران خان کو 10 بڑے عالمی رہنمائوں میں شمار کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چین کے صدر اور وزیر اعظم عمران خان کی گرین ڈویلپمنٹ کے حوالے سے سوچ میں ہم آہنگی ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کو گرین سی پیک بنایا جائے گا۔ وزیرا عظم عمران خان نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی روشن اور سرسبز بنانے کے خوہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اب اپنے فلاپ شو کے بعد کامیڈی شو شروع کر دیا ہے اور عوام ان سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ مریم نواز کو بلین ٹری سونامی سے مسئلہ ہے۔ میں مریم نواز اور بلاول دونوں کو پیش کش کرتا ہوں کہ آئیں انہیں بلین ٹری سونامی کے تحت لگائے گئے جنگلات کی سیر کرا تے ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد استعفے دیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلین ٹری سونامی کے بارے میں ازخود نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس بارے میں جلد مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں گی۔