اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آٹزم کے شکار افراد کی بہبود کی حکمت عملی لائی جائے گی اور انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لئے بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ آٹزم سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر آج دنیا نہ صرف آٹزم کو پہچان رہی ہے بلکہ اس میں مبتلا افراد کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے والدین اور اساتذہ کو یقین دلایا کہ آٹزم کے شکار افراد کی بہبود کی حکمت عملی لائیں گے اور انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع دیں گے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 18 دسمبر 2007ء کو اختیار کردہ قرار داد کے تحت آٹزم سے آگاہی کا عالمی دن ہر سال 2 اپریل کو منایا جاتا ہے جس کے ذریعے اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کو دنیا بھر میں آٹزم میں مبتلا افراد کے بارے میں آگاہی پید اکرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔