
بیجنگ۔ 03 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت سماجی اقتصادی و صنعتی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز کا قیام اور روزگار کی فراہمی سے متعلق دیگر منصوبے ہماری حکومت کی ترجیح ہیں‘ 70کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے اور کرپشن کی روک تھام سے متعلق چین کی کامیاب کوششیں قابل تعریف ہیں اور پاکستان بھی غربت میں کمی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریگا۔ یہ باتیں انہوں نے ہفتہ کو بیجنگ میں چین کے نائب صدر وانگ کیشا ن سے ملاقات کے دوران کہیں۔بات چیت کے دوران دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنما¶ں نے پاک۔ چین سٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعظم عمران خان نے 70کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے اور کرپشن کی روک تھام سے متعلق چین کی کامیاب کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بھی غربت میں کمی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریگا۔عمران خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت سماجی، اقتصادی و صنعتی ترقی،خصوصی اقتصادی زونز کا قیام لوگوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق دیگر منصوبے ہماری ترجیح ہیں۔وزیر اعظم نے چینی کاروباری افراد کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں حکومت کی جانب سے مراعاتی پیکج سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے اوپن مارکیٹ پالیسیوں کی فروغ کیلئے حکومت کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔