وزیر اعظم عمران خان کی تقریر سے مشکلات کی شکار کشمیری قوم کو نیا جوش اور ولولہ ملا ہے، حریت رہنما

86

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریر سے مشکلات کی شکار کشمیری قوم کو نیا جوش اور ولولہ ملا ہے اور اس کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے برزگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے اسلام آباد میں نمائندے عبداللہ گیلانی اور سینئر رہنما یوسف نسیم نے کہا کہ اس تقریر کے بعد کشمیریوں کے عزم اور حوصلے میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بھارتی قابض فورسز کے مظالم میں بھی اضافہ ہوا ہے اور کئی بے گناہ نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں خواتین کی بے حرمتی اور عام لوگوں کی گرفتاریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ایک بھارتی این جی اوز نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ اب تک مقبوضہ کشمیر میں 30 ہزار سے زیادہ افراد اور نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گھر گھر چاپوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہواہے ۔ خاص طور پر ایل او سی پر واقع اضلاع میں دراندازوں کی آمد کا پراپیگنڈا کر کے تلاشی کے دوران خواتین کی بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ بے گناہ نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان، پاکستان کے عوام، اہم قومی اداروں، وکلائ، میڈیا، طلباءسمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جس طرح اس مشکل صورتحال میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور ساتھ دینے کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا ہے اس سے ہماری مظلوم قوم کے جذبہ آزادمی کو بڑی تویت ملی ہے۔